پیرا میڈیکل سٹاف کامطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی سول سیکرٹریٹ کے باہر دھرنا ،ینگ ڈاکٹرز نے بھی ریلی نکالی

جمعرات 17 مارچ 2016 15:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء) پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی پنجاب سول سیکرٹریٹ کے باہر دھرنا جاری رکھا جس سے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات جزوی طور پر تعطل کا شکار رہیں ،جبکہ ینگ ڈاکٹرز نے بھی سروس سٹرکچر اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کئے جانے کیخلاف کوئنز روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی اور گنگا رام ہسپتال میں ایڈ من بلاک کے سامنے مظاہرہ کیا جس سے گنگا رام ہسپتال میں آنیوالے مریضوں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔

تفصیلات کے مطابق پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے مسلسل دوسرے روز بھی پنجاب سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا جاری رکھا جس سے سول سیکرٹریٹ کے باہر ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا جبکہ ملحقہ شاہراہوں پر بھی ٹریفک کا شدید دباؤ رہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے سینہ کوبی کرتے رہے ۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ جب تک حکومت وعدے پورے نہیں کرتی احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا تھاکہ حکومت نے پیر ا میڈیکل سٹاف کو سروس سٹرکچر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس وعدے کو پورا نہیں کیا جارہا ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی رسک الاؤنس دیا جائے اور ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے ۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی جبکہ پولیس دوپہر کے وقت پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئی ۔

محکمہ صحت کے حکام نے پیرا میڈیکل سٹاف سے مذاکرات کئے جو کامیاب نہ ہو سکے ۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نجم احمد کا کہنا ہے کہ پیر امیڈیکل سٹاف کے جائز مطالبات پر غور کیا جارہا ہے لیکن انہیں پورا کرنے کے لئے کچھ وقت درکار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پیرا میڈیکل سٹاف کو پہلے ہی 1500روپے رسک الاؤنس دیا جارہا ہے ۔ دوسری طرف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کال پر سرکاری ہسپتالوں میں مرحلہ وار احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔

ینگ ڈاکٹرز گنگام رام ہسپتال میں ایڈ من بلاک کے سامنے جمع ہوئے جس کے بعد کوئنز روڈ سے گنگا رام چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو واپس ایڈ بلاک پہنچی ۔ ینگ ڈاکٹرز سارے راستے سروس سٹرکچر اور اپنی تنخواہوں میں اضافے کیلئے نعرے لگاتے رہے ۔ ینگ ڈاکٹرز کی ریلی کے باعث کوئنز روڈ پر ٹریفک کا نظام ایک گھنٹے تک معطل رہا ۔ ینگ ڈاکٹرز کے عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک برس گزرنے کے باوجود سروس سٹرکچر کے وعدے پر عملدرآمد نہیں کر رہی جبکہ تنخواہوں میں بھی اضافہ نہیں کیا جارہا ۔

انہوں نے کہا کہ وعدے کے باوجود زیر تربیت ڈاکٹروں کے مسائل کو حل نہیں کیا جارہا ۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھاکہ پہلے مرحلے میں ہسپتالوں میں ٹوکن احتجاج کر رہے ہیں اگر شنوائی نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیں گے۔ ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث آؤٹ ڈور سمیت دیگر شعبوں میں علاج معالجے کی سہولیات تعطل کا شکار رہیں۔

متعلقہ عنوان :