سیکیورٹی فورسز کی خیبرایجنسی اور گلگت بلتستان میں کارروائی ،8 دہشتگرد ہلاک ،فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید

جمعرات 17 مارچ 2016 14:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) سیکیورٹی فورسز نے خیبرایجنسی اور گلگت بلتستان میں کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کو سیکیورٹی فورسز نے انٹلیجنس کی بنیاد پر گلگت بلتستان میں چلاس کے قریب گیال گاؤں کی وادی تریل میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونیوالے دہشت گرد سول ٹرانسپورٹ ، سیاحوں اور سیکیورٹی فورسز پر قراقرم ہائی وے پر حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران دو سیکیورٹی اہلکار بھی فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوگئے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ادھر ایک الگ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ شب دہشت گردوں نے درہ درامودراب میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کے کوشش کی جس کا بہادر سیکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور جواب دیتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں سیکیورٹی فورسز نے اپنی تحویل میں لے لیں جنہیں پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کیا جائیگا۔