سپریم کورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کردیا ‘ماڈل ملک سے باہر نہیں جاسکیں گی

جمعرات 17 مارچ 2016 14:17

سپریم کورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا سندھ ہائیکورٹ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء)سپریم کورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کردیا ہے ‘ فیصلے کے بعد ماڈل ایان علی ملک سے باہر نہیں جاسکیں گے ۔ جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف کسٹم حکام کی درخواست کی سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

دوران سماعت کسٹم حکام نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا تاہم ان کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کے الزام میں ٹرائل کورٹس میں مقدمات چل رہے ہیں اس لئے ان کا نام ای سی ایل میں برقرار رکھا جائے۔ماڈل ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کسٹم حکام کی درخواست پر اعتراض اٹھایا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنا وفاقی حکومت کا اختیار ہے اور کسٹم حکام یہ اپیل دائر کرنے کی مجاز نہیں تاہم عدالت نے ان کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے ایان علی کو نوٹس جاری کیا اور ان کے وکیل سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا ‘ عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ان کا نام ایک ہفتے کیلئے ای سی ایل میں برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 7 مارچ کو ماڈل ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کا حکم دیا تھاماڈل ایان علی پر کرنسی اسمگلنگ کے الزام میں مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔