سفیروں کو پاک انڈیا میچ دیکھنے کیلئے کولکتہ کا ویزا نہ ملنے پر انڈین حکام سے ملاقات میں مایوسی کا اظہار کیا گیا ‘احتجاج نہیں کیا ‘ پاکستان

جمعرات 17 مارچ 2016 14:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سفیروں کو پاک انڈیا میچ دیکھنے کیلئے کولکتہ کا ویزا نہ ملنے پر انڈین حکام سے ملاقات میں مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے تاہم احتجاج نہیں کیا گیا۔ بی بی سی سے گفتگو میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی کہ جنوبی ایشیا کیلئے پاکستان کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل نے انڈیا میں موجود سفیروں کو پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے کولکتہ کا ویزا نہ ملنے پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جی پی سنگھ سے ملاقات میں شدید احتجاج کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ ملاقات میں مایوسی کا اظہار کیا گیا تاہم احتجاج نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی پریس ریلیز جاری کی گئی ۔بھارتی روزنامے دی ہندو کے مطابق انڈیا نے گذشتہ روز سات میں سے پانچ پاکستانی سفیروں کو کولکتہ جانے کا ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اپنے دفاع میں انڈیا کا موقف تھا کہ جن دو افراد کو ویزا نہیں دیا گیا ان کے پاکستان کی عسکری اداروں اور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ساتھ رابطے دیکھے گئے ۔خیال رہے کہ پاکستان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں 19 مارچ کو ورلڈ ٹی 20 کے میزبان انڈیا کے مدِمقابل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :