بیلجیم ‘گزشتہ روز مارے گئے حملہ آور کی شناخت ہو گئی، سیکورٹی ہائی الرٹ ، مشتبہ افراد کی تلاش میں چھاپوں کاسلسلہ جاری

جمعرات 17 مارچ 2016 14:05

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء ) بیلجیم میں گزشتہ روز ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت کرلی گئی جبکہ ملک میں سیکورٹی ہائی الرٹ اور پولیس کی جانب سے مشتبہ افراد کی تلاش میں چھاپے مارنے کاسلسلہ جاری ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یلجیم میں گزشتہ روز ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ہے ۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ محمد بلقائد کا تعلق الجزائر سے تھا جبکہ وہ غیر قانونی طور پر بیلجیم میں رہائش پذیر تھا۔

پولیس نے اس کے اپارٹمنٹ سے داعش کا ایک جھنڈا بھی برآمد کر لیا ہے۔ گزشتہ روز جب پولیس نے اس کے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا تھا تو بلقائد اور اس کے دیگر دو ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔ جوابی کارروائی میں یہ حملہ آور مارا گیا تھا جبکہ دیگر دو فرار ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ چھاپہ پیرس حملوں کی تحقیقات کے سلسلے میں مارا گیا تھا۔ادھر بیلجیم کے شہر برسلز میں دوسرے روز بھی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور پولیس پیرس حملوں میں ملوث مشتبہ افراد کی تلاش میں چھاپے مارنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

گزشتہ روز بیلجیم کے ایک نواحی علاقے میں پولیس اور عسکریت پسندوں کے مابین اس وقت فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا تھا، جب پولیس نے برسلز کے ایک نواحی علاقے میں چھاپہ مارا تھا۔ اس کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک جبکہ چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق کم ازکم دو حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :