کاشتکاروں کو گھیا کدو اور توری کی کاشت جلد مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 17 مارچ 2016 13:36

لاہور۔17 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء ) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق موسم گرما میں اُگائی جانے والی سبزیوں کی کاشت کا بہترین وقت مارچ کا مہینہ ہے ۔کاشتکار گھیا کدواور گھیا توری کی کاشت جلد مکمل کر لیں۔انہوں نے کہاکہ ”فیصل آباد گول “گھیا کدو کی زیادہ پیداوار دینے والی ترقی دادہ قسم ہے جس کا اچھی روئیدگی والا دو سے اڑھائی کلو گرام بیج ایک ایکڑ کے لیے کافی ہوتا ہے ۔

”گھیا توری لوکل “قسم کا بیج ایک تا ڈیڑھ کلو گرام فی ایکڑ گھیا توری کی کاشت کے لیے درکار ہوتا ہے ۔اس قسم کی پیداواری صلاحیت 4سے 5ٹن فی ہیکٹر ہے ۔ ترجمان کے مطابق اکثر پرائیویٹ سیڈ کمپنیاں گھیا توری کا دوغلا بیج تیار کر رہی ہیں جس کا سائز عام توری کے مقابلہ میں کافی بڑا ہوتا ہے اور پیداوار بھی زیادہ ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ کاشتکاران سبزیوں کو پہلا پانی کاشت کے فوراََ بعد لگائیں اور خیال رکھیں کہ پانی بیج کی سطح سے اوپر نہ جائے وگرنہ کرنڈ کی وجہ سے بیج کا اُگاؤ متاثر ہوگا۔

ترجمان نے بتایا کہ زمین کی تیاری کے بعد کھیت میں 3سے 4میٹر کے فاصلے پر ڈوری سے نشان لگائیں اور ان نشانوں کے دونوں اطراف 4بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، ایک بوری امونیم سلفیٹ اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ ملا کر ڈال دیں۔