براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے صنعتی ترقی کا ویژن پورا ہوگا ‘ افتخار بشیر

جمعرات 17 مارچ 2016 13:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی مالی سال 2015-16کے پہلے 8ماہ کی رپورٹ کو خوش آئند قرار دیا ہے جس کے مطابق 8ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 4.8فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن پورا ہوگا ،غیر ملکی سرمایہ کاری ملک میں صنعتی خوشحالی کا آغاز ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سرمایہ کاروں کا حکومتی اقدامات پر اعتماد کا مظہر ہے ۔ افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ حکومت نے توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے دور رس اقدامات شروع کردیئے ہیں توانائی منصوبے 2017تک مکمل ہونے سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا ۔سوئی گیس بحران کے خاتمہ کیلئے قطر سے ایل این جی کی درآمد اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی تکمیل سے گیس بحران کا خاتمہ بھی ہوجائے گا اور انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس ، بجلی کی فراہمی سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور ملک خوشحالی و کامرانی کی راہوں پر گامزن ہوگااور پاکستانی عوام بھی خوشحال ہوگی۔