میچ دیکھنے کی اجازت نہ ملنے پر بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ،پاکستان کا شدید احتجاج

پاکستانی جذبات سے نئی دہلی حکومت کو آگاہ کر دیا جائے گا، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ

بدھ 16 مارچ 2016 20:03

میچ دیکھنے کی اجازت نہ ملنے پر بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستانی سفارت کاروں کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے کے لیے کلکتہ جانے کی اجازت نہ دینے پر دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔دفتر خارجہ کے حکام نے ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایا کہ پاکستان کو ہندوستانی وزارت خارجہ کے فیصلے پر افسوس اور مایوسی ہوئی۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکام نے کلکتہ میں پاکستانی سفارت کاروں کو ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے کی اجازت نہ دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ پاکستانی ہائی کمشنر کو بھی تاحال اجازت کا انتظار ہے۔حکام کی جانب سے کہا گیا کہ ہندوستان کا یہ عمل سفارتی آداب کے منافی ہے۔ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ نے اسلام آباد میں حکام کو بتایا کہ پاکستانی جذبات سے نئی دہلی حکومت کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان منصور علی میمن کا کہنا ہے کہ ہائی کمشنر عبد الباسط سمیت 17 سفارت کاروں اور حکام نے میچ دیکھنے کے لیے درخواست جمع کروائی تھی، لیکن گذشتہ روز دوپہر تک صرف ایک سفارت کار کی درخواست پر فیصلہ کیا گیا، لہذا اتنے مختصر وقت میں اْن کے لیے اتنی دور کا سفر کرنا ممکن نہیں تھا۔