نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ رواں سال آپریشنل ہو جائے گا،کمپنی ایکٹ تحت پاکستان ایئرویز رجسٹرڈ ہو چکی ہے، فی الحال پی اے ایل کیلئے نئے جہاز نہیں خریدے جا رہے،ریلوے کو مالی سال 2014-15 میں ہدف سے بڑھ کر 31.927 ارب روپے آمدن ہوئی ، رواں مالی سال کے مکمل ہونے تک 35.181 ارب روپے آمدنی متوقع ہے ، ٹیلی کام سیکٹر میں غیر ملکی سر مایہ کاری 908 ملین ا ڈالر ہو گئی،گزشتہ سال ملک میں 5634 غیر ملکی سیاح آئے

قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر سعد رفیق ، وزراء مملکت شیخ آفتاب اور انوشہ رحمان کے اراکین کے سوالوں کے جوابات

بدھ 16 مارچ 2016 17:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ رواں سال آپریشنل ہو جائے گا،کمپنی ایکٹ کے تحت پاکستان ایئرویز لمیٹڈ (پی اے ایل) رجسٹرڈ ہو چکی ہے، جس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ایوی ایشن اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس شامل ہیں ، تاحال پاکستان ایئر ویز لمیٹڈ کیلئے نئے جہاز نہیں خریدے جا رہے،ریلوے نے مالی سال 2014-15 میں ہدف سے بڑھ کر 31.927 ارب روپے آمدنی حاصل کی، رواں مالی سال فروری تک 23.454 ارب روپے آمدنی حاصل کی جبکہ رواں مالی سال کے مکمل ہونے تک 35.181 ارب روپے آمدنی متوقع ہے ،تھری جی اور فور جی لائسنس جاری کرنے سے 26ملین صارفین کا اضافہ ہوا۔

مالی سال 2012-13 میں ملک میں ٹیلی کام سیکٹر میں غیر ملکی سر مایہ کاری 160.8ملین ڈالر تھی جو 2014-15 میں بڑھ کر 908 ملین امریکی ڈالر ہو گئی،گزشتہ سال ملک میں 5634 غیر ملکی سیاح آئے۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین کے سوالوں کے جوابات وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب، وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے دئیے۔

قبل ازیں رکن مسرت رفیق مہیسر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا کہ گزشتہ سال ملک میں 5634 غیر ملکی سیاح آئے، ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی ادائیگی کیلئے کابینہ ڈویژن نے 1.5 بلین روپے کے بیل آؤٹ پیکج کیلئے سمری ارسال کر دی ہے۔

رکن قومی اسمبلی بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں وزیر ریلوے خواجہ آصف نے کہا کہ مالی سال 2014-15 میں ریلوے کی آمدنی کا ہدف 28 ارب اور 2015-16 میں ہدف 32 ارب رکھا گیا تھا مگر ریلوے نے ہدف سے بڑھ کر مالی سال 2014-15 میں 31.927 ارب روپے آمدنی حاصل کی جبکہ رواں مالی سال فروری تک 23.454 ارب روپے آمدنی حاصل کی اور رواں مالی سال کے مکمل ہونے تک 35.181 ارب روپے آمدنی متوقع ہے۔

رکن قومی اسمبلی ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ کمپنی ایکٹ نے تحت پاکستان ایئرویز لمیٹڈ (پی اے ایل) رجسٹرڈ ہو چکی ہے، جس کا بورڈ آف ڈائریکٹرز نامزد کر دیئے گئے ہیں، جس میں سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ایوی ایشن اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس شامل ہیں جو کمپنی کو منافع بخش ادارہ بنانے اور اس کے مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے، تاحال پاکستان ایئر ویز لمیٹڈ کیلئے نئے جہاز نہیں خریدے جا رہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں نیویارک میں قائم پی آئی اے کے ہوٹل سے 16ہزار 775 امریکی ڈالر منافع ہوا۔ رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا کہ ملک میں تھری جی اور فور جی کے مزید لائسنس جاری کریں گے، تھری جی اور فور جی لائسنس جاری کرنے سے 26ملین صارفین کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2012-13 میں ملک میں ٹیلی کام سیکٹر میں غیر ملکی سر مایہ کاری 160.8ملین ڈالر تھی جو 2014-15 میں بڑھ کر 908 ملین امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔ رکن قومی اسمبلی ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ رواں سال نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آپریشنل ہو جائے گا۔ رکن قومی اسمبلی شازیہ صوبیہ کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں 124طلبہ کو بیرون ملک وظائف پر بھیجا گیا۔

رکن قومی اسمبلی عنایت اللہ خٹک کے سوال کے جواب میں وزارت دارالحکومتی انتظام کی جانب سے تحریری جواب میں کہا گیا کہ آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سکولوں کی سیکیورٹی کیلئے 222.337ملین روپے جاری کئے گئے۔