کاشتکار موسم گرما کی کاشتہ سبزیوں سے نقصان رساں کیڑوں کے تدارک کیلئے اپنی فصلات کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کریں، محکمہ زراعت

بدھ 16 مارچ 2016 17:09

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق کاشتکار موسم گرما کی کاشتہ سبزیوں سے نقصان رساں کیڑوں کے تدارک کیلئے اپنی فصلات کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کریں۔ ترجمان کے مطابق رس چوسنے والے کیڑے پتوں کا رس چوس کر پودوں کو کمزور کر دیتے ہیں اور فصلوں میں وائرس پھیلانے کا سبب بھی بنتے ہیں جبکہ تنے یا پھل کے اندر داخل ہو کر نقصان پہنچانے والے کیڑے پتوں اور چھوٹے پھل کو کھا کر فصل کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

چور کیڑامرچ، ٹماٹر و دیگر سبزیات پر حملہ آور ہو کر پیداوار کو نقصان پہنچاتا ہے،اس کیڑے کی سنڈیاں اگتے ہوئے پودوں کو رات کے وقت سطح زمین کے قریب سے کاٹ دیتی ہیں اور دن کے وقت پودوں کے قریب ہی زمین میں چھپی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نقصان رساں کیڑوں کے انڈوں، بچوں اور بالغ کو ہاتھ سے پکڑ کر تلف کر یں جبکہ چور کیڑے کے پروانوں کی تلفی کیلئے روشنی کے پھندے لگائیں۔

پھل کی مکھی ٹماٹر ، کریلا، کھیرا، چپن کدو اور گھیا توری پر اس وقت حملہ آور ہوتی ہے جب پھل نرم حالت میں ہوتا ہے۔ اس کے حملہ سے تیار شدہ پھل مکمل طور پر ضائع ہو جاتا ہے۔ اس کے تدارک کیلئے پودوں پر صبح سویرے چھوٹے فوارہ کی مدد سے ٹھنڈے پانی کا چھڑکاؤ کریں۔ ضرر رساں کیڑوں کے حملہ سے متاثرہ پتوں اور گلے سڑے پھل کو توڑ کر زمین میں کم از کم2 فٹ گہرادبا دیں نیز کھیت سے خود رو پودوں اور جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی کو یقینی بنائیں ۔ ۔

متعلقہ عنوان :