کراچی، کورنگی میں پلاسٹک فیکٹری میں آتشزدگی لاکھوں مالیت کا مال جل کر خاکستر

بدھ 16 مارچ 2016 16:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) کراچی میں کورنگی کے علاقے میں واقع پلاسٹک دانے کی فیکٹری میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔کورنگی کے علاقے حاجی ابراہیم گوٹھ میں واقع پلاسٹک کا دانہ بنانے والی فیکٹری میں علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آتشزدگی کی فوری اطلاع فائر بریگیڈ کو دی گئی۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کے عمل کا آغاز کیا۔

تاہم آگ کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے مزید ایک اور فائر ٹینڈر طلب کرلیا گیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پرقابو پالیا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ آگ لگنے کے باعث فیکٹری میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :