تجارتی تنظیموں سے متعلق بے نامی شکایات پر کارروائی نہیں کی جائے گی وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر

بدھ 16 مارچ 2016 16:31

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ تجارتی تنظیموں میں حکومتی مداخلت کم سے کم ہونی چاہئے، حکومت کا مطمع نظر ہے کہ تجارتی تنظیموں میں شفاف الیکشن، حقیقی ممبران اور ذمہ دارانہ مالی شفافیت لائی جائے، حکومت کا کردار صرف پالیسی دینا اور اس پر عمل درآمد پر نظر رکھنا ہے، تجارتی تنظیموں سے متعلق بے نامی شکایات پر کارروائی نہیں کی جائے گی، ٹھوس ثبوت کے ساتھ داخل کی گئی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ان پر ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے گزشتہ سال کے دوران ڈائریکٹوریٹ جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ڈائریکٹر جنرل کو ادارے کے معاملات میں شفافیت لانے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے کر جعلی تجارتی تنظیموں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے تاکہ اصل اور میرٹ پر مبنی تنظیموں کو تمام سہولیات مل سکیں۔ انہوں نے ڈی جی ٹی او کی ویب سائٹ کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی تاکہ ادارے کے اصولوں اور فیصلوں سے متعلق تمام معلومات ویب سائٹ پر میسر ہوں۔