پرویز مشرف کے ملک سے باہرجانے کا فیصلہ حکومت پاکستان اور وزیراعظم کریں گے،میاں ریاض حسین پیرزادہ

بدھ 16 مارچ 2016 16:26

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے ملک سے باہرجانے کا فیصلہ حکومت پاکستان اور وزیراعظم کریں گے اگرحکومت چاہے تو وہ ملک سے باہر نہیں جاسکتے، قومی کرکٹ ٹیم کسی سے کم نہیں ، بھارتی کرکٹ ٹیم کے بڑے چرچے تھے مگر گذشتہ روز ہار گئی ۔

(جاری ہے)

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی اپیل سپریم کورٹ نے سن لی ہے، انہوں نے جانے کی اجازت دی مگر حکومت پاکستان اور وزیراعظم اس بارے میں فیصلہ کریں گے اگرحکومت چاہے تو پرویز مشرف ملک سے باہر نہیں جاسکتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے مختلف طبقات ملک کے پیچھے پڑے ہیں، بلا وجہ نئے صوبوں اور وفاقی حکومت کے اختیارات کی بات کرتے ہیں۔ پاکستان کو کچھ نہیں ہوگا جیسے چل رہا ہے ایسے ہی چلے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے بڑے چرچے تھے۔ انہوں نے گذشتہ روز نیوزی لینڈ سے شکست کھائی ہے اب بھارتی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی میں جانے کے چانس کم اور دیگر ممالک کی ٹیموں کے چانس زیادہ ہوگئے ہیں۔