منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی جارہی ہیں ‘سرفراز مرچنٹ نے ایف آئی اے کو بیان جمع کرانے کی حامی بھی بھرلی ہے ‘ وزیر اطلاعات

بدھ 16 مارچ 2016 15:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی جارہی ہیں ‘سرفراز مرچنٹ نے ایف آئی اے کو بیان جمع کرانے کی حامی بھی بھرلی ہے ‘ پنجاب حکومت علما ء سے تحفظ نسواں قانون کی خرابیاں سمجھنے کی کوشش کررہی ہے ‘علماء خلاف شریعت شقوں کی نشاندہی کریں ‘ نشاندہی کے بعد بل کا جائزہ لیں گے ‘پشاور دھماکہ قابل مذمت ہے ‘ ہم عوام کو پر امن پاکستان دینا چاہتے ہیں ‘ کراچی کے حالات بہتر ہوئے ہیں اور آنے والوں دنوں میں مزید بہترہوں گے۔

بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ حقوق نسواں بل پراسلام مخالف شقوں کاجائزہ لے رہے ہیں اور پنجاب حکومت علما ء سے تحفظ نسواں قانون کی خرابیاں سمجھنے کی کوشش کررہی ہے، علماکی جانب سے تجاویز کا انتظار کررہے ہیں ‘وہ منتظر ہیں کہ علما دہشت گردی کے خلاف بھی اسی متحد ہوں جس طرح حقوق نسواں بل پر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ منصوبہ بندی سے کام کیے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، وقت کا صحیح استعمال نہ ہونے سے پسماندگی جہالت اورغربت بڑھتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ محب وطن پاکستانیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں، ہم اپنے بچوں کو پْرامن پاکستان دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات بہتر ہوئے ہیں اور آنے والوں دنوں میں مزید بہترہوں گے۔ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف منی لانڈرنگ اور ”را“ سے تعلقات کے الزامات کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی جارہی ہیں، اس سلسلے میں سرفراز مرچنٹ نے ایف آئی اے کو بیان جمع کرانے کی حامی بھی بھرلی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اردو زبان کے سرکاری دفاتر میں استعمال کا آئین میں کیا گیا وعدہ پورا نہیں کر سکے، وعدہ پورا نہ ہونے پر سپریم کورٹ نے توجہ دلوائی، سرکاری اداروں میں اردو کے استعمال کیلئے کمیٹی کام کر رہی ہے جہاں سرکاری اداروں میں قومی زبان اردو نافذ العمل ہونی چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پرویز رشیدنے کہا کہ جمہوریت میں لوگوں کواپنی بات کہنے کاحق حاصل ہے اورسیاسی جماعتوں میں لوگوں کا آنا جانا لگارہتاہے۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے طالبان کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے ‘پاکستان کی یہ حتی الوسع کوشش ہے کہ افغان مفاہمتی عمل میں حائل کسی بھی رکاوٹ کو دور کیا جائے۔

انہوں نے کہ بعض ایسی قوتیں ہیں جو دہشت گردی کے ذریعے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتی ہیں تاہم پاکستان ان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کو پسماندگی ، بیروزگاری اور بجلی کے بحران سے چھٹکارہ دلا نے اور پاکستان کو خوشحال ملک بنانے پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ایک اور سوال پر پرویز رشید نے کہا کہ ایف آئی اے کی ایک کمیٹی سرفراز مرچنٹ کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی ‘ تاہم مصطفی کمال کے معاملے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

متعلقہ عنوان :