مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مدر ٹریسا کو سینٹ کا درجہ دینے کیلئے باضابطہ طور پر منظوری دیدی

بدھ 16 مارچ 2016 14:20

ویٹی کن سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مدر ٹریسا کو سینٹ کا درجہ دینے کیلئے باضابطہ طور پر منظوری دیدی ہے۔مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے گزشتہ سال مدر ٹریسا کے دوسرے معجزے کو بھی تسلیم کر لیا تھا جس کے بعد ان کے سینٹ بننے کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پوپ فرانسس نے مدر ٹریسا کو سینٹ بنانے کی باقاعدہ طور پر منظوری دیدی ہے۔

مدر ٹریسا کو سینٹ کا درجہ دینے کی باقاعدہ رسم رواں سال 4 ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ مدر ٹریسا کی وفات کے 19 سال بعد سامنے آیا ہے۔ تاہم ویٹی کن کی جانب سے ابھی تک یہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے کہ مدر ٹریسا کو سینٹ کا درجہ دینے کی تقریب کہاں منعقد کی جائے گی۔ واضح رہے کہ 2003 میں مدر ٹریسا کو روحانیت کا درجہ دیا گیا تھا۔ مدر ٹریسا 1910 میں میسیڈونیا کے شہر سکوپئے میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کا اصل نام ایگنس گون کا بوہیک یو تھا۔ انہوں نے 1949 میں بھارت کے شہر کولکتہ میں مشنریز آف چیریٹی کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد سے انہوں نے اپنی زندگی غریب اور بیمار لوگوں کی دیکھ بھال کے لیے وقف کر دی تھی۔ مدر ٹریسا کو ان کی خدمات کے صلے میں 1979 میں نوبل انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔