شمالی کوریا میں’امریکی طالبعلم کو 15 برس کی سزا سنا دی گئی

طالبعلم نے جنوری میں ہوٹل سے پروپیگنڈہ کے لیے استعمال ہونے والا سائن بورڈ چوری کرنے کی کوشش کی تھی

بدھ 16 مارچ 2016 13:50

پیانگ یانگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) شمالی کوریا میں امریکی طالبعلم کو ریاست کے خلاف جرائم کے الزام کے تحت 15 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے۔اوٹو وارمبائر نامی اس طالبعلم نے جنوری میں شمالی کوریا کے دورے کے دوران ایک ہوٹل سے پروپیگینڈا کے لیے استعمال ہونے والا سائن بورڈ چوری کرنے کی کوشش کی تھی۔حراست میں لیے جانے کے بعد انھیں ٹی وی پر پیش کیا گیا تھا جہاں انھوں نے اعتراف کیا تھا کہ ایک چرچ گروپ نے انھیں دورہ شمالی کوریا سے کوئی نشانی لانے کے لیے کہا تھا۔

(جاری ہے)

اوٹو نے فروری کے آخر میں ایک پریس کانفرنس میں سائن بورڈ کی چوری کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا۔ شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے تاحال اوٹو وارمبائر کی سزا کے بارے میں کچھ نہیں کہا تاہم چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق یہ سزا شمالی کوریا کی سپریم کورٹ نے سنائی ہے۔21 سالہ ورامبائر کو رواں برس دو جنوری کو اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جو وہ شمالی کوریا سے واپس امریکہ جا رہے تھے۔ ان پر ’ملک دشمن اقدامات‘ کا الزام لگایا گیا تھا۔شمالی کوریا بسا اوقات غیر ملکیوں کو قید کر کے اسے اپنے حریفوں پر دباوٴ ڈالنے کے لیے بھی بطور حربہ استعمال کرتا رہا ہے۔