پاکستان کو مسائل کے بھنور سے نکال کر ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے‘ عرفان دولتانہ

بدھ 16 مارچ 2016 13:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پائیدار اقتصادی پالیسیوں، اصلاحات اور انقلابی اقدامات کے نتیجہ میں گزشتہ ایک سال میں ملکی معیشت نے حوصلہ افزاء نتائج دیئے ہیں،پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے اعتماد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ کاروبار کے لئے سازگار ماحول اور ترقی کرتی ہوئی معیشتوں کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا مقام بہتر ہو گیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کو ملک سے دہشت گردی، توانائی بحران کے خاتمے اوروطن عزیز کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کا مینڈیٹ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم عوام کے دےئے گئے مینڈیٹ کی ہر صورت لاج رکھیں گے اورپاکستان کو مسائل کے بھنور سے نکال کر ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے ٹھوس معاشی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ۔

اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے جس کی بدولت ملک میں اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔ملک کی تیزرفتار ترقی کے لئے توانائی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے اورحکومت ان دونوں محاذوں پر سنجیدگی سے کام کررہی ہے ۔انشاء اللہ حکومت کی مخلصانہ کاوشیں رنگ لائیں گی اور ملک کو تمام مسائل سے نجات ملے گی۔

متعلقہ عنوان :