امریکی کمپنی کی ویب سائیٹ پر ایرانی ہیکروں کا سائبر حملہ

کارروائی حزب اللہ پر پابندیوں کے انتقام میں کی گئی،ایرانی ہیکرز

بدھ 16 مارچ 2016 12:33

تہران( آن لائن ) ایران سے تعلق رکھنے والے ہیکروں نے ’آئی ڈائریکٹ“ نامی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی عالمی سروسز فراہم کرنے والی امریکی کمپنی کی ویب سائیٹ پر سائبر حملہ کیا ہے۔ ہیکروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ’آئی ڈائریکٹ‘ پر سائبر حملہ لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو خلیج تعاون کونسل، عرب لیگ، امریکا اور مغرب میں دہشت گرد تنظیم قرار دینے فیصلے کے ردعمل میں کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی کمپنی کی ویب سائیٹ پر سائبر یلغار کرنے والے گروپ نے اپنی شناخت ”برسٹو“ کے نام سے کی ہے اور کہا ہے کہ وہ حزب اللہ پر پابندیوں کے رد عمل میں مغرب کے دوسرے اداروں کو بھی ایسے ہی نشانہ بنائیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ’برسٹو‘ نامی ایک گروپ نے ایک امریکی کمپنی کی ویب سائیٹ پر حملہ کر کے اس کی نشریاتی سروسز اور زمین پر چلنے والے اسٹیشنز کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ’آئی ڈائریکٹ‘ کا شمار مغرب میں میڈیا کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے حساس نوعیت کے اداروں میں ہوتا ہے۔ اس گروپ کے گاہک پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور یہ کمپنی کئی بڑے سیٹلائیٹ چینلوں اور گراوٴنڈاسٹیشنز کو اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ’برسٹو‘ نامی سائبر گروپ بہ ظاہر ایرانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا پروردہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ اسی نام سے ملتے جلتے ایرانی سائبر حملہ آور اس سے قبل قطر اور سعودی عرب کی ویب سائیٹس کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا نے ایک ہفتہ پیشتر یہ اعلان کیا تھا کہ وہ سنہ 2013ء میں نیویارک میں پانی کے ایک چھوٹے ڈیم کو نشانہ بنانے والے ایرانی دراندازوں پر سائبر حملوں کی ذمہ داری عاید کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امریکی وزارت انصاف کے مطابق ایرانی دراندازوں پرآئندہ ہفتے فرد جرم عاید کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :