نیپال میں پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات خوش آئند ہے ، میرواعظ عمر فاروق

بدھ 16 مارچ 2016 12:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ” ع “ گروپ کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے نیپال میں سارک ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر بھارت اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ کشمیر سمیت جملہ حل طلب کے مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کے سوا کوئی چارہ نہیں اپنے ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے نظر چرانے کی کوئی بھی دانستہ کوشش اس خطے میں پہلے سے موجود کشیدہ صورت حال کو مزید ابتر بنانے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے اور یہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس خطے کے کروڑوں عوام کے محفوظ مستقبل کے لئے اس دیرینہ تنازعے کو منصفانہ بنیادوں پر حل کرنے کے لئے بامعنی اقدامات اٹھائیں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان مخاصمانہ تعلقات کی بنیادی وجہ رہا ہے اور اس مسئلے کے حل پر توجہ مرکوز کئے بغیر دیگر متنازعہ مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کئے بغیر دیگر متنازعہ مسائل کے حل کے لئے راہیں ہموار ہونا انتہائی دشوار ہے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیپال سے شروع ہونے والا مذاکراتی عمل آگے چل کر کشمیر سمیت حل طلب مسائل کے حل کے سلسلے میں ایک ثمر آور کوشش ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بامعنی مذاکراتی عمل کے تسلسل کو قائم رکھنے کے لئے اعتماد سازی کے عمل کو فروغ دینے کا بھی باعث بن سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :