پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کا حالیہ بیان کافی کارگر ثابت ہو سکتا ہے ‘شاہد آفریدی نے جو کہا اسے مثبت انداز میں دیکھتا ہوںگاوسکر جب بھی پاکستان اور بھارت کا سوال آتا ہے جذبات انتہا کو پہنچ جاتے ہیں ‘ انٹرویو

بدھ 16 مارچ 2016 12:21

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کا حالیہ بیان کافی کارگر ثابت ..

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کا حالیہ بیان کافی کارگر ثابت ہو سکتا ہے اور کولکتہ میں کھیلتے ہوئے اس سے شائقین کے پاکستان مخالفت جذبات میں کمی آ سکتی ہے۔این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کا سوال آتا ہے جذبات انتہا کو پہنچ جاتے ہیں۔

گاوسکر نے کہا کہ شاہد آفریدی نے جو کچھ کہا اس پر یقینا پاکستان میں ردعمل سامنے آیا تاہم میں اسے مثبت انداز میں دیکھتا ہوں کیونکہ اس سے پاکستانی ٹیم کی مخالفت میں کمی ہو سکتی ہے۔سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ آپ بھارتی عوام کے بارے میں اچھی باتیں کرتے ہیں ‘ شاید آپ کا یہی مطلب، شاید آپ کے کہنے کا مطلب یہ نہ ہو لیکن اس سے ہو گا کیا ‘ جہاں تک شائقین کا تعلق ہے تو اس سے پاکستانی ٹیم کو مدد مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

سابق عظیم بلے باز نے کہا کہ شائقین آفریدی اور ان کی ٹیم کے بالکل مخالف نہیں ہوں گے ‘یہ بیان پاکستانی ٹیم کے حق میں کافی کارگر ثابت ہو گا۔125 ٹیسٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 51.12 کی اوسط سے رنز بنانے والے سنیل گاوسکر نے کہا کہ بعض اوقات بالکل مخالف ماحول میں کھیلنے سے ٹیم حیران کن کارکردگی دکھا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کبھی کبھار یہ چیز کام کر جاتی ہے اور آپ اتنا شاندار کھیل پیش کرتے ہیں کہ اپنے مخالف شائقین کو بالکل خاموش کرا دیتے ہیں تاہم گاوسکر نے کہا کہ کبھی کبھی اس کے منفی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں اور شائقین کے دباوٴ میں آ کر اپنا قدرتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔

سابق بھارتی کپتان نے باور کرایا کہ شاید آفریدی نے مخلصانہ نیت اور دل کی گہرائیوں سے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہو اور انڈین پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کھیلتے ہوئے انہیں جو تجربہ ہوا اس کی الفاظ میں ترجمانی کی ہو۔گاوسکر نے کہا کہ آفریدی ان لوگوں میں سے ہیں جو دل سے بات کرتے ہیں، ان کے الفاظ میں بناوٹی پن نہیں اور ممکنہ طور پر بھارت میں اپنے سابقہ تجربے کی بنیاد پر بات کر رہے ہوں گے۔