ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف کا دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچنے پر پرتپاک خیرمقدم ، وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالہ تقریب کا انعقاد

مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی،وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی کابینہ کے ارکان کومہمان صدر سے متعارف کرایا

بدھ 16 مارچ 2016 12:09

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف کابدھ کو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچنے پر پرتپاک اور والہانہ انداز میں خیرمقدم کیا گیا ،ان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترکمانستان کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس کے مرکزی دروازے پر پرتپاک خیرمقدم کیا۔

استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ صدر قربان علی محمدوف کو مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اورانہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی کابینہ کے ارکان کومہمان صدر سے متعارف کرایا جبکہ ترکمانستان کے صدر نے اپنے وفد کا وزیراعظم سے تعارف کرایا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف وفاقی دارالحکومت پہنچے تو نورخان ایئربیس پروزیراعظم محمد نواز شریف نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ دو بچوں نے مہمان صدر کو گلدستے پیش کئے ۔ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی جبکہ پاکستان میں موجود ترکمانستان کے شہریوں کی بڑی تعداد نے پرزورتالیوں میں ان کا استقبال کیا ۔ ترکمانستان کے صدر کے ہمراہ وزراء ، سینئرحکام اور اعلیٰ سطح کا کاروباری وفد بھی ہے ۔اس سے قبل انہوں نے نومبر2011ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔