چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی خصوصی عدالتوں کی ججوں کی جانب سے عدالتی اوقات کار کی پابندی نہ کرنے کا سخت نوٹس

منگل 15 مارچ 2016 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجاز الاحسن نے خصوصی عدالتوں کی ججوں کی جانب سے عدالتی اوقات کار کی پابندی نہ کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام جج صاحبان کو عدالتی اوقات کی سختی سے پابندی کی ہدایت کر دی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کی ہدایت پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ طارق افتخار نے سے تمام خصوصی عدالتوں کے جج صاحبان کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے مشاہدے میں آیا ہے کہ سپیشل کورٹس کمپلیکس میں تعینات خصوصی عدالتوں کے جج صاحبان عدالتی اوقات کی پابندی نہیں کر رہے اور اپنی مرضی سے عدالتی امور نمٹاتے ہیں ۔

مراسلے کے مطابق تمام خصوصی عدالتوں کے جج صاحبان کوصبح آٹھ بجے سے تین بجے تک کے عدالتی اوقات کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جبکہ ان اوقات کی خلاف ورزی کرنے والے جوڈیشل افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔