ریسٹورنٹس انوائس مانٹیرنگ سسٹم کا آغاز لاہور سے کردیاگیا ہے، ریسٹورنٹس انوائس مانٹیرنگ سسٹم ٹیکس پیئرز کی حوصلہ افزائی کیلئے انقلابی اقدام ہے، ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا،جدید نظام میں امانت سکیم کے تحت پہلی قرعہ اندازی اپریل میں ہوگی،وزیراعلیٰ پنجاب کا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

منگل 15 مارچ 2016 21:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ریسٹورنٹس انوائس مانٹیرنگ سسٹم کا آغاز لاہور سے کردیاگیا ہے۔ ریسٹورنٹس کی سیلز سے متعلقہ معلومات کے فوری حصول کے اس جدید ترین نظام کو مرحلہ وار صوبے کے تمام شہروں میں نافذ کیا جارہا ہے ۔ریسٹورنٹس سے ادا کردہ ٹیکس کو یقینی طورپر حکومت تک پہنچانے کیلئے ریمز جدید ترین آن لائن مانیٹرنگ نظام ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ بات منگل کو یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید نظام میں امانت سکیم کی پہلی قرعہ اندازی اپریل میں ہوگی۔کمپیوٹرائزڈقرعہ اندازی کا عمل شفاف طریقے سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس انوائس مانٹیرنگ سسٹم ٹیکس پیئرز کی حوصلہ افزائی کیلئے انقلابی اقدام ہے اوراس جدید نظام سے ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

ٹیکس کی ادائیگی قومی ذمہ داری ہے جس سے ملک وقوم کی ترقی وابستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیا نظام عوام میں ٹیکس ادائیگی کی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنے اورٹیکس کے نظام میں جدت اورشفافیت لانے کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر سال ٹیکس ڈے بھی منایا جائے گااورایسے اقدامات سے ٹیکس ادا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،سیکرٹری خزانہ اورسربراہ پنجاب ریونیو اتھارٹی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔