محب وطن قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسزکی قربانیوں سے وطن عزیز میں امن کی فضا پیدا ہوئی ہے ‘ گورنر اقبال ظفر جھگڑا

منگل 15 مارچ 2016 17:09

پشاور۔15 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنرانجینئر اقبال ظفر جھگڑانے کہاہے کہ محب وطن قبائلی عوام اورہماری سیکورٹی فورسزکی قربانیوں سے نہ صرف قبائلی علاقہ جات بلکہ پورے ملک میں امن لوٹ آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام نے ملکی امن واستحکام کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں پوری قوم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوراب وقت آگیا ہے کہ ان کی فلاح وبہبود کیلئے موثراقدامات اٹھائے جائیں۔

اس ضمن میں حکومت فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور متاثرین کی باعزت واپسی و بحالی اور تعمیر نوسمیت دیرپابنیادوں پر امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس پشاور میں جنوبی وزیرستان ایجنسی کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

جنہوں نے ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی غالب خان ایڈوکیٹ کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاکہ قبائلی علاقہ جات میں امن و امان کا قیام اوروہاں سے بدامنی کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور پاک فوج، سیکورٹی فورسز، سول انتظامیہ اور محب وطن قبائل کی قربانیوں سے فاٹا کا امن و سکون لوٹ آیا ہے جس کے بعد نقل مکانی کرنے والے قبائلی بہن بھائیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے گھروں کو باعزت طور پر بھجوانے اور انکی بحالی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے پورے خطے کے امن وامان کی خاطر قربانیاں دی ہیں اوراب وقت آگیاہے کہ انکے دکھوں کا مداوہ کیا جائے اور اس ضمن میں جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں امن و امان کا قیام ،بدامنی کا خاتمہ اور ٹی ڈی پیز کی واپسی و بحالی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کی سماجی ومعاشی ترقی خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہترسہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اُن کے معیار زندگی کو بہتربنانے اور انتظامیہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق جامع اصلاحات عمل میں لائی جارہی ہے ۔گورنرنے وفد کی معروضات غورسے سنیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :