دس لاکھ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی حکومتی ایمنسٹی سکیم ناکام

منگل 15 مارچ 2016 12:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مارچ۔2016ء)10 لاکھ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم مکمل ناکام ہوگئی۔ 28 لاکھ تاجروں میں سے صرف تین ہزار نو سو انتالیس تاجروں نے ایک فیصد ٹیکس دے کر 38 ارب روپے کا کالا دھن سفید کرالیا۔تفصیلات کیمطابق ایف بی آر چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے میں ناکام ہوگیا، حکومت کی جانب سے یکم فروری کو شروع کی جانیوالی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم جسے ٹیکس رضاکارانہ ادائیگی اسکیم کا نام دیا جارہا تھا، 15مارچ کو مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے آغاز پر حکومت نے دس لاکھ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا دعویٰ کیا تھا، جب کہ ایف بی آر نے 28 ارب روپے کی آمدن اکٹھی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت صرف 3 ہزار 339 تاجروں نے اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کرائے، اور 38 ارب روپے کا کالا دھن سفید کرا لیا ہے، جب کہ حکومت کو صرف 38 کروڑ روپے کا ٹیکس وصول ہوا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ریٹرن فائل نہ کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی پر غور شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

تمام ٹیکس دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے تاجروں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، جب کہ اسٹیٹ بنک سے بھی ان تاجروں کا ڈیٹا طلب کرنے کے لیے خط لکھا جائے گا۔ گوشوارے جمع نہ کروانے والے تاجروں کو رواں ماہ نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔