لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکسی ڈرائیور کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کے مقدمے میں نامزد پولیس اہلکاروں کی گرفتاریوں کے لئے دائر درخواست پر سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 15 مارچ 2016 11:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کیس کی سماعت کی۔مقتول کی بیوہ عابدہ پروین نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تھانہ شاہدہ پولیس کے اہلکاروں نے اسکے خاوند الیاس کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کے اس اقدام سے اس کے بچوں کے سر سے باپ کا سایہ اٹھ گیا جبکہ وہ در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم پر تھانہ شاہدرہ کے سب انسپکٹر غلام باری سمیت چھ پولیس اہلکاروں کے خلاف تین ماہ قبل مقدمہ تو درج کر لیا مگر پولیس اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کے لئے انہیں گرفتار نہیں کر رہی۔جس پر عدالت نے سی سی پی او لاہورکو تیس مارچ کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔