اسلام آباد ہائی کورٹ نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت 3 دنوں کیلئے ملتوی کر دی

پیر 14 مارچ 2016 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے غازی عبدالرشید قتل کیس میں ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری ہونے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت تین دنوں کے لئے ملتوی کر دی ۔پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کی جانب سے ملک طاہر ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ غازی عبدالرشید قتل کیس میں ہم نے ماتحت عدالت میں سابق صدر کی طیبعت کے حوالے سے میڈیکل رپورٹ بھی جمع کرائی تھی تاہم ٹرائل کورٹ نے سابق صدر کے ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کر دیئے جو کہ قانون کے خلاف ہے ۔

سماعت کے دوران فاضل جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم کیس واپس ٹرائل کور ٹ بھیج دیتے ہیں اور وہ سابق صدر کی جانب سے دائر حاضری سے استثنٰی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ وہی عدالت کرے گی۔

(جاری ہے)

جسٹس عامر فاروق نے مذید ریمارکس دیئے کہ اسی طرح کا معاملہ ہم پہلے بھی ٹرائل کورٹ کو بھیج چکے ہیں عدالت عالیہ ماتحت عدالت کی کاروائی میں کس طرح مداخلت کر سکتی ہے ؟۔

غازی عبدالرشید کے بیٹے کے وکیل طارق اسد ایٖڈوکیٹ نے سماعت کے دوران موقف اختیار کیا کہ سابق صدر نے سپریم کورٹ میں بھی اپنی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی تھی اس فیصلہ کا بھی سب کو علم ہے ۔سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے استدعا کی کہ ہم ماتحت عدالت کا فیصلہ اور سابق صدر کی طبیعت کے حوالے سے تازہ میڈیکل رپورٹ جمع کرانا چاہتے ہیں جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت تین دنوں کے لئے ملتوی کردی ۔