سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سائنس و ٹیکنالوجی نے وزارت کے پی ایس ڈی پی2016-17کے3 ارب 15 کروڑ روپے سے زائد کی بجٹ تجاویز کی منظوری دیدی

پیر 14 مارچ 2016 22:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے وزارت کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے پی ایس ڈی پی دو ہزار سولہ ،سترہ کے تین ارب پندرہ کروڑ روپے سے زائد کی بجٹ تجاویز کی منظوری دیدی جبکہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے ترقی یافتہ مما لک میں سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر ڈپٹی وزیراعظم ہوتا ہے یہاں ہمیں گھاس بھی نہیں ڈالی جاتی ۔

پیر کوسینیٹ کمیٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین عثمان سیف اﷲ کی صدارت میں ہوا اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے پی ایس ڈی پی دو ہزار سولہ ،سترہ کے تین ارب پندرہ کروڑ روپے سے زائد کی بجٹ تجاویز کی منظوری دیدی۔آئندہ سال ترقیاتی منصوبوں کی مد میں تین ارب پندرہ کروڑ روپے مختص کرنے کی تجاویز دی گئی جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر دوارب تیرہ کروڑ روپے اورنئے منصوبوں پر اکسٹھ کروڑ انچاس لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس پر سینیٹراعظم سواتی نے کہا خدا کے لئے جو پراجیکٹ سالوں پہلے شروع ہوئے انھیں تو مکمل کریں۔سیکرٹری سائنس اینڈٹیکنالوجی نے کہا فنڈز میں تاخیر کے باعث منصوبے التواء کا شکار ہیں۔اس پر وفاقی وزیر راناتنوریر نے کہا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ چودہ سال بعد ہوئی۔یہاں فیشن ہے جتنے پیسے مانگے جائیں اس سے کم دئیے جاتے ہیں گزشتہ سال ترقیاتی منصوبوں کے لئے پینتیس ملین مانگا پندرہ ملین جاری کئے گئے۔

پی ایس ڈی پی دوہزار سولہ,سترہ کے لئے اکتیس ملین مانگے ہیں جس پر کمیٹی نے تمام منصوبوں پر کام دو سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔راناتنویرحسین نے بتایا کہ پاک چین بزنس فورم انیس مارچ کولاہور میں ہوگا بزنس فورم میں چار سو پچھہتر چینی کمپنیاں شرکت کرینگی چین پاکستان میں ڈیڑھ ارب ڈالر سے لاجسٹک اینڈ ٹیکنالوجی پارک بنانا چاہتاہے۔

متعلقہ عنوان :