پیمرا کاآج ٹی وی کے پروگرام میں شاہد آفریدی بارے تضحیک آمیز الفاظ کانوٹس

ٹی وی مالکان کو ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد،نشریات میں تاخیری وقت کا نظام نصب کرنے اور ادارہ جاتی نگران کمیٹی کو فعال کرنے کی ہدایت

پیر 14 مارچ 2016 21:45

پیمرا کاآج ٹی وی کے پروگرام میں شاہد آفریدی بارے تضحیک آمیز الفاظ کانوٹس

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) پاکستان میڈیا الیکٹرانک ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے شاہد آفریدی کے بارے میں تضحیک آمیز الفاظ پر آج ٹی وی کو ایڈوائس جاری کردی ۔پیر کو ایک بیان میں پیمرا کے ترجمان نے کہاکہ 13 اور 14مارچ کی درمیانی شب ’’آج ٹی وی چینل ‘‘ پر دورانِ پروگرام ’’کرکٹ کا بادشاہ‘‘ میں جاوید میاں داد کے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی بھارت میں میڈیا کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے ہتک آمیز الفاظ استعمال کیے ۔

ایسے وقت میں جب قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے بھارت میں، بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اہم میچز کھیلنے کی تیاری میں مصروف ہے قومی ٹیم کے کپتان ،جو کہ پاکستانی قوم کے وہاں پر نمائندے ہیں،کے بارے میں ایسے تضحیک آمیز الفاظ استعمال کرنا نا صرف غیر مناسب ہے بلکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے نافذ کردہ ضابطۂ اخلاق کی بھی خلاف ورزی ہے اور قومی ٹیم کے کپتان کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز جذبات کو اُبھارنے کا باعث بھی ہیں، جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے اور اتھارٹی کو بہت ساری شکایات موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

پیمرا اس بات پر مکمل یقین رکھتا ہے کہ آئین کے آرٹیکل ۱۹ کے تحت اختلافِ رائے کا حق ہر پاکستانی شہری کو حاصل ہے تاہم اس آرٹیکل کا غلط استعمال کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس طرح کے غیر شائستہ اور غیر مناسب الفاظ کڑوروں لوگوں تک پہنچانا اُن کی دل آزاری کا سبب ہے جو کہ نہایت غیر ذمہ دارنہ اور غیر پیشہ وارنہ ہے۔ چینل پرتجزیہ نگار کے ان الفاظ کے نشر ہونے پر پیمرا کو اس کے ٹویٹر اکاؤنٹ@reportperma پر متعدد شکایات بھی موصول ہوئی ہیں ، جس میں جاوید میاں دادکے غیر مہذب الفاظ کے استعمال کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

شائقین کی تنقید کو مدِ نظررکھتے ہوئے پیمرا، چینل کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتا ہے کہ اگرچینل مالکان اپنے آپ کو اُس آدمی کی جگہ رکھیں جس کے بارے میں اس طرح کے غیر مہذب الفاظ استعما ل کئے جائیں تواُ س پرا وراُس کے اہلِ خانہ پر کیا گزرے گی؟ تنقید کا حق سب کو حاصل ہے لیکن ٹی وی چینلز پر یہ تنقیدتمیز اور تہذیب کے دائرے میں رہنی چاہیے۔

نوٹس میں کہاگیاتنقید کا حق ضرور استعمال کریں لیکن مہذب الفاظ میں۔ ،لہٰذا، بذریعہ ایڈوائس ہٰذا، آج ٹی وی چینل کوہدایت کی جاتی ہے کہ صحافتی اقدار کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے پیمرا کے منظور شدہ ضابطہ اخلاق کے مطابق نشریات اور تبصرہ کریں ۔ چینل کو یہ بھی ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق 2015 پر عمل درآمد کرتے ہوئے نشریات میں تاخیری وقت کا نظام نصب کرے اور ادارہ جاتی نگران کمیٹی کو فعال کرے تاکہ آئندہ ایسے کوئی ہتک آمیز اور تضحیک آمیز الفاظ نشر نہ ہو سکے۔ ۵، ایڈوائس ہٰذا مجاز اتھارٹی کی منظوری سے جاری کی گئی۔

متعلقہ عنوان :