میری کابینہ میں اتنے سکھ ہیں جتنے مودی کی کابینہ میں بھی نہیں،کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو

پیر 14 مارچ 2016 14:59

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء ) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ان کی کابینہ میں اتنے سکھ ہیں جتنے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی کابینہ میں بھی نہیں ہیں۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق جسٹن ٹروڈو نے یہ بات دورہ امریکا کے دوران واشنگٹن کی ایک یونیورسٹی میں طالب علموں سے بات کرتے ہوئے کہی۔سوال جواب کے سیشن کے دوران پاکستانی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم جہان نے جسٹن ٹروڈو سے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ ان کی کابینہ میں کئی پنجابی موجود ہیں۔

جس پر جسٹن ٹروڈو نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میری کابینہ میں اتنے سکھ موجود ہیں جتنے نریندر مودی کی کابینہ میں بھی نہیں ہیں۔واضح رہے کہ لبرل پارٹی کے رہنما جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ سال نومبر میں کینیڈا کے 23ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی کابینہ میں برابر کی تعداد میں مرد و خواتین کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ چار سکھوں کو بھی شامل کیا تھا۔ان سکھ وزرا میں وزیر دفاع ہرجیت سجن، انفرااسٹرکچر کے وزیر امرجیت سوہی، اسمال بزنس کے وزیر باردیش چھگر اور وزیر انوویشن نودیپ سنگھ بینس شامل ہیں۔واضح رہے کہ نریندر مودی کی کابینہ میں اس وقت دو سکھ شامل ہیں، جن میں فوڈ پراسیسنگ کے وزیر ہرسمرت کور بادل اور مانیکا گاندھی شامل ہیں۔