عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے،شبیر شاہ، نعیم خان اور دیگر حریت رہنماؤں کی مسلسل نظربندی قابل مذمت ہے

پیر 14 مارچ 2016 14:27

سرینگر ۔ 14 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلم لیگ جموں وکشمیر نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے سے بھارتی فوج کے انخلاء ،کالے قوانین کے خاتمے اور کشمیریوں کے حقوق بحال کرانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں ہورہی ہیں اور بھارتی فوج اور نیم فوجی دستے بے پناہ اختیارات سے لیس ہوکر چادر اور چار دیواری کی حرمت توڑنے ،نوجوانوں کو قتل اورغائب کرنے میں مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ ،نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان ،تحریک حریت کے میرحفیظ اللہ اور دیگر حریت رہنماوٴں کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے پر زوردیا۔

انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کا سنجیدہ نوٹس لیں۔ انہوں نے مسلم لیگ کے سربراہ مسرت عالم بٹ ،ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی،ڈاکٹر محمد قاسم فکتو ،غلام قادر بٹ ، غلام محمد بٹ ،طارق احمدڈار ،رفیق احمد شاہ ،اسداللہ پرے ،حکیم شوکت ،معراج الدین نندہ ،فیاض احمد ،محمد امین ڈار اور مولوی سجاد سمیت جیلوں میں نظر بند سینکڑوں حریت پسندوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی کی جلد صحت یابی اور انکی عمر درازی کے لیے اللہ تعالی سے دعا کی ۔