دنیا بھر میں برطانوی شہریوں کے قتل کے حوالے سے پاکستان خطرناک ممالک میں سرفہرست ہے ‘برطانوی میڈیا

گزشتہ چار سالوں میں37برطانوی شہری پاکستان میں قتل ہوئے ‘ ڈیلی میل جمیکا اور امریکا برطانوی شہریوں کیلئے خطرناک ثابت ہوئے ‘رپورٹ

پیر 14 مارچ 2016 14:15

لندن /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں برطانوی شہریوں کے قتل کے حوالے سے پاکستان خطرناک ممالک میں سرفہرست ہے ، گزشتہ چار برس میں37برطانوی شہری پاکستان میں قتل ہوئے۔برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چار برس میں بیرونی دنیا میں250شہری قتل ہوئے ان میں سے سب سے زیادہ برطانوی شہری پاکستان میں قتل ہوئے۔

جمیکا اور امریکا برطانوی شہریوں کیلئے خطرناک ثابت ہوئے ،اسی مدت میں دونوں ممالک میں چار چار برطانوی سیاح سالانہ کے حساب سے قتل کیے گئے۔دیگر مقامات میں تیونس میں گزشتہ سال جون میں درجنوں برطانوی سیاحوں کو قتل کردیا گیا۔پندرہ ممالک جہاں سب سے زیادہ برطانوی شہریوں کا قتل ہواان میں دو یورپی ممالک فرانس اورا سپین ہیں جہاں بیس شہریوں کا قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق 2012 اور 2014 کے درمیان برطانوی شہریوں کے قتل میں تقریباً 60 فیصد اضافہ ہوا۔ دہشت گردانہ حملوں اورہائی پروفائل قتل کی وجہ نے دنیا بھر میں برطانوی شہریوں پر اثر ڈالا ہے۔گزشتہ چار برس میں برطانوی شہریوں کے قتل کے حوالے سے جو اعدادوشمار دیئے گئے ‘ ان کے مطابق پاکستان میں 37،تیونس میں34،جمیکا میں18،امریکامیں15،فرانس میں14،جنوبی افریقہ میں 11،یوکرائن میں 10،الجیریا اور آسٹریلیا میں سات، سات، بارباڈوس اور افغانستان میں چھ ,چھ،برازیل اور مصر میں پانچ ، پانچ،بنگلا دیش، بھارت اور یوگنڈا میں چار 4؛قبرص، ملائیشیا، میکسیکو، مراکش، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، زیمبیا میں تین تین قتل ہوئے۔

برطانوی شہریوں کیلئے پاکستان کے قبائلی علاقے، کوہاٹ، لکی ، لوئر دیر،پشاور، شاہراہ قراقرم، کوئٹہ سمیت شمالی اور مغربی بلوچستان کے شہر، نواب شاہ سمیت اندرون سندھ کے کچھ علاقے ، گلگت،چترال اورکالاش وادی خطرناک ہیں۔

متعلقہ عنوان :