فصلوں کو بچانے اور کاشتکاروں کو پیداوارکا حدف پورا کرنے میں حکومت کی مدد کی اشد ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری

اتوار 13 مارچ 2016 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پورے ملک میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے پر کھیتوں میں کھڑی فصلیں بچانے کے لیے کاشتکاروں کی ہنگامی بنیادوں پر مدد کی جائے۔

(جاری ہے)

اتوارکو ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے گندم سمیت کھیتوں میں تمام کھڑی فصلوں کو نقصان ہو سکتا ہے اس لیے ان فصلوں کو بچانے اور کاشتکاروں کو پیداوارکا حدف پورا کرنے میں حکومت کی مدد کی اشد ضرورت ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ اس وقت کاشتکار برادری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حکومت کو فوری طور الرٹ ہونا چاہیے اور ان کی فصلوں کو تیز اور طوفانی بارشوں سے محفوظ رکھنے کے لیے انہیں ممکنہ مدد فراہم کی جائے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کو اس سلسلے میں ہنگامی منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور محکمہ زراعت اور ان سے منسلک اداروں کو بھی سرگرم کرکے انہیں ہدایات جاری کی جائیں، بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کی جانب سے زرعی اجناس کی امدادی قیمتیں مقرر کرکے کاشتکاروں کے مفادات کو تحفظ دینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کاشتکاروں اور کسانوں کے حقیقی مسائل کے حل میں ہمیشہ سب سے آگے رہی ہے۔