خواتین کے حقوق کے تحفظ بل میں ترامیم پیش کی جائیں تو غور کریں گے،راشدہ یعقوب شیخ

اتوار 13 مارچ 2016 17:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ بل میں ترامیم پیش کی جائیں تو غور کریں گے،پنجاب اسمبلی میں منظور ہونے والے بل میں ضرورت کے مطابق ترمیم ہوسکتی ہے ،ایک بیا ن میں انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کویقینی بنانے کی کوشش کی ہے ،کئی اہم محکموں اور اداروں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی،وزیر اعلی پنجاب میاں شہبازشریف کے دور حکومت میں خواتین کی فلاح اور بہود کے لئے ریکارڈکام ہوا ہے ،انہوں نے کہاکہ بدھ کے روز پنجاب اسمبلی نے خواتین کے حقوق کا جو بل منظور کیا ہے اس پر غیر ضروری رائے نہ دی جائے بلکہ اگر کسی کے پاس تجاویز ہیں تو ہمیں آگاہ کرے ،ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ان تجاویزپرغور کرے گا اور خواتین کے مسائل کے حل کئے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ، وومن پروٹیکشن بل کے نفاذ کے لئے مضبوط میکنزم اختیار کئے جانے کے بعد پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات کا سدباب کیا جا سکے گا اور خواتین پر گھریلو تشدد ‘ جذباتی‘ جسمانی اور معاشی استحصال‘ سائبرکرائمز اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کا سدباب ہو گا، وومن پروٹیکشن کمیٹی کے ذریعے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کو بخوبی نمٹانے کے لئے ایک مفاہمتی پلیٹ فارم میسر ہو گا۔

(جاری ہے)

بل کی دفعہ 12ڈی میں بیان کیا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ وومن پروٹیکشن کمیٹی فریقین کے درمیان صلح صفائی اور جھگڑے کو نمٹانے کے لئے مفاہمتی اقدامات کی کوشش کرے گی۔