پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہونے دے رہی ، رینجر آپریشن کی سب سے زیادہ ضرورت پنجاب میں ہے،چوہدری پرویز الٰہی

ایم کیو ایم اگر ”را“ کی ایجنٹ رہی ہے تو اس کے خلاف ضرور کارروائی ہونی چاہئے۔میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 مارچ 2016 17:29

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہونے دے رہی ہے۔ رینجر آپریشن کی سب سے زیادہ ضرورت پنجاب میں ہے‘ حقوق نسواں بل پر علماء کرام سے مشاورت کرنی چاہئے تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے کچھ نہ کچھ کمال تو دکھایا ہے جس کی وجہ سے ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی جماعتوں میں اتنی ہلچل مچی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اگر ”را“ کی ایجنٹ رہی ہے تو اس کے خلاف ضرور کارروائی ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

اگر مصطفیٰ کمال کہہ رہے ہیں کہ ایم کیو ایم ”را“ کی ایجنٹ ہے تو اس میں ضرور کوئی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت رینجر کو صحیح طریقے سے کام کیوں نہیں کرنے دے رہی ہے جبکہ رینجر کے آپریشن کی سب سے زیادہ ضرورت پنجاب میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق نسواں بل پر اگر علماء کرام سے پنجاب حکومت مشاورت کرتی تو آج انکو اس طرح کے بیانات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہون نے مزید کہا کہ 55 سال کے دور میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ کبھی اتنا برا نہیں ہوا کہ وہ بلدیاتی نمائندے بن تو گئے ہیں لیکن انکے پاس کوئی دفتر نہیں ہے وہ اپنی زندگی گزارنے کے لئے نوکریاں تلاش کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اس ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے۔