محکمہ لائیو سٹاک نے گوشت و دودھ کی بہترین پیداوار کیلئے لائیو سٹاک فارمنگ کو فروغ دینے کی ہدایت کر دی

اتوار 13 مارچ 2016 16:56

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء)محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے صوبہ بھر میں بڑھتی ہوئی عوامی ضروریات اور برآمداتی اہداف کو پورا کرنے کیلئے گوشت اور دودھ کی بہترین پیداوار کے حصول سمیت لائیو سٹاک فارمنگ کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کی ہدائت کر دی ہے۔محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ لائیو سٹاک فارمرز اس سلسلہ میں محکمانہ مشاورت سے آسان شرائط پر قرضہ جات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مویشی جس قدر فربہ ہوں گے اسی قد ر دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ معیاری بیف حاصل کرنے کیلئے 6 سے 15ماہ کے کسی بھی نسل کے کٹڑے ، بچھڑے اور مٹن حاصل کرنے کیلئے 6سے 12ماہ کے کسی بھی نسل کے بکرے ، چھترے ، دنبے کو 3سے 4ماہ تک متوازن خوراک فراہم کر کے فربہ بنا یا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے لہذا لائیو سٹاک فارمرز کسی بھی رہنمائی ، معلومات یا مشاورت کیلئے ہیلپ لائن نمبرپر صبح 8سے رات 8 بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔