ملائیشیا میں دو آسٹریلوی صحافی گرفتار

اتوار 13 مارچ 2016 16:56

کولالمپور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء) ملائیشیا میں وزیر اعظم نجیب رزاق سے بدعنوانی کے سکینڈل کے حوالے سے سوالات پوچھنے والے دو آسٹریلوی صحافیوں کو حراست میں لے کر انہیں ملک نہ چھوڑنے کا پابند کر دیا گیا ہے۔ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بارے میں خبر آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے اے بی سی نے نشر کی اور زیر حراست صحافیوں کا تعلق بھی اسی ادارے سے ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹر لنٹن بیسر اور کیمرہ آپریٹر لوئی اروگلو کو ہفتے کی شب کچنگ شہر میں حراست میں لیا گیا۔واضح رہے کہ ویڈیو فوٹیج میں بیسر کو کوالا لمپور میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں 2006 ء میں ایک منگولین خاتون کے قتل کے حوالے سے سوال پوچھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ شبہ ہے کہ یہ خاتون 2002ء میں فرانسیسی آب دوزوں کی خریداری کی ایک ڈیل میں ملوث تھی اور اسے خاموش کرنے کے لیے قتل کیا گیا تھا۔نجیب کے دو محافظوں کو اس سلسلے میں سزا سنائی جا چکی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ان کا اس عورت سے کوئی تعلق نہیں۔