گلاب کی کاشت کے لئے نرم، زرخیز اور اچھے نکاس والی زمین کا انتخاب کیا جائے

اتوار 13 مارچ 2016 16:48

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء)محکمہ زراعت راولپنڈی نے گلاب کے کاشتکاروں کو رواں ماہ کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ گلاب کے پودے لگانے کے لئے نرم، زرخیز اور اچھے نکاس والی زمین کا انتخاب کریں ۔ترجمان نے کہا کہ پھول قدرت کا حسین شاہکار ہیں اور ان پھولوں میں ہائبرڈ گلاب کو ایک نہایت اہم مقام حاصل ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ گلاب کے پودے لگانے کیلئے 2 فٹ * 2 فٹ * 2 فٹ سائز کے گڑھے کھود یں اور پودے لگانے سے کم از کم ایک ہفتہ پہلے ان کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ روشنی اور ہوا سے زمین کو فائدہ پہنچے۔ زمین میں پودے لگانے کے بعد فوراً آبپاشی کریں۔ گلاب کو بڑھوتری کیلئے پانی کی کافی ضرورت ہوتی ہے اس لیے گرمیوں میں ہفتہ میں دو دفعہ آبپاشی کریں۔ گلاب پر کالا تیلا، چست تیلا، تھرپس، ریڈسپائیڈر، مائیٹس اوردیمک کا حملہ ہوتا ہے۔ ان ضرر رساں کیڑوں کے حملہ کی صورت میں کلوروپائیریفاس یا اسیٹا میپرڈ یا امیڈا کلوپرڈ زہروں کا سفارش کردہ مقدار میں سپرے کریں۔