الاحسان آئی ہسپتال میں شاہپور بھنگو سے آئے درجنوں افراد کی آنکھوں کا مفت آپریشن

اتوار 13 مارچ 2016 16:34

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء)کرن ویلفےئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام لاحسان آئی ہسپتال مغلپورہ میں گزشتہ روز شاہپور بھنگو سے آئے ہوئے درجنوں افراد کی آنکھوں کا مفت آپریشن کیاگیا۔آپریشنزمعروف آئی سرجن ڈاکٹر آکاش جی لال نے کئے۔چند روز قبل کرن ویلفےئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول شاہپور بھنگو میں اخوت ہیلتھ سروسز‘پاکستان پبلک ایڈٹرسٹ اور الاحسان آئی ہسپتال کے تعاون سے ایک فری میڈیکل و آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ایک ہزار سے زائد افراد کا چیک اپ کیا گیا جبکہ 500سے زائد افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور ادویات کے علاوہ مفت عینکیں بھی دی گئی ۔

مذکورہ افراد کومیڈیکل کیمپ کے دوران سفید موتیا تشخیص ہونے پر آپریشن کیلئے لاہور لایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

الاحسان آئی ہسپتال کے صدر ثناء اللہ خان کاکڑ‘اکرام اللہ خان کاکڑ‘حافظ عتیق‘محمد زمان‘حاجی عبد القیوم‘ کرن ویلفےئر فاؤنڈیشن کی صدر روبی دانیال‘جنرل سیکرٹری محمد عبداللہ‘ سینئر کارکن ڈاکٹر ساجد نذیر نے اس مو قع پر مختلف امور میں معاونت کی۔الاحسان آئی ہسپتال کے صدر ثناء اللہ خان کاکڑ نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنا انبیاء کا شیوا ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کر کے دل کو سکون ملتا ہے۔