کراچی: گلشن چورنگی اور عیسیٰ نگری میں رینجرز چوکیوں پر دستی بم حملے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 13 مارچ 2016 12:22

کراچی: گلشن چورنگی اور عیسیٰ نگری میں رینجرز چوکیوں پر دستی بم حملے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13مارچ۔2016ء) کراچی کے علاقوں گلشن چورنگی اور عیسیٰ نگری کےقریب رینجرزکی 2چوکیوں پر چند منٹ کے وقفے سے دستی بم حملے کیے گئے ۔ نامعلوم ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار تھے ،حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پہلا دستی بم حملہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں گلشن چورنگی کے قریب قائم رینجرز کی چوکی پر پونے آٹھ بجے کے قریب کیا گیا جس میں ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے ، حملے میں چوکی کی دیوار کو نقصان پہنچا ۔

۔چند منٹ بعد دوسرا حملہ عیسیٰ نگری کے قریب واقع رینجرز کی چوکی پر کیا گیا ، خوش قسمتی سے اس حملے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایس پی گلشن کے مطابق رینجرز کی دونوں چوکیوں پر 3 منٹ کے وقفے سے حملے کئے گئے۔ایس پی گلشن کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے پولیس، رینجرز کی پٹرولنگ ٹیم پر حملوں کی پیشگی اطلاع تھی۔

(جاری ہے)

انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈویسٹ عابد فاورق کے مطابق دونوں حملوں میں مماثلت پائی جاتی ہے ، بم کالے رنگ کی تھیلی میں باندھ کر پھینکے گئے ۔

دھماکہ خیز مواد دیسی ساختہ تھا اور وزن 500گرام کے قریب ہےجبکہ 3ماہ قبل ناظم آباد میں رینجرز کی چوکی پر بھی حملے میں اسی طرح کا مواد استعمال کیا گیا تھا ۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور اسنیپ چیکنگ بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :