بارشوں کے باعث ہونیوالے نقصانات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان

ہفتہ 12 مارچ 2016 20:17

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر حاجی اشرف کاکڑ اور یادگار سارنگزئی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث صوبے بھر میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں سے کوئٹہ ، پشین ، لورالائی ، ژوب ، شیرانی ، توبہ کاکڑی سمیت دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پرجانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کی مال امدادکو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث صوبے کے اکثر علاقوں میں بڑے پیمانے پر لوگوں کے مکانات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طورپر بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے سروے کیلئے ٹیم بناکر متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔