وفاق کیساتھ صوبے کے دیرینہ مطالبات کے حوالے سے معاہدہ خوش آئند ہے،پرویزخٹک

بجلی کے خالص منافع کی ادائیگی، اضافی گیس سے سستی بجلی بنانے، چشمہ رائٹ بینک کینال، منڈا ڈیم، اور پیہور ہائی لیول کینا ل کیلئے فنڈ فراہم کرنے سے صوبے میں زرعی و صنعتی انقلاب آئیگا،دو نمبر کاموں کادور گزر چکا، اب تمام کام میرٹ اور انصاف پر ہوں گے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 12 مارچ 2016 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاق کے ساتھ صوبے کے دیرینہ مطالبات کے حوالے سے معاہدہ خوش آئند ہے جس سے صوبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ بجلی کے خالص منافع کی ادائیگی، اضافی گیس سے سستی بجلی بنانے، چشمہ رائٹ بینک کینال، منڈا ڈیم، اور پیہور ہائی لیول کینا ل کے لیے فنڈ فراہم کرنے سے صوبے میں زرعی اور صنعتی انقلاب آئے گا۔

دو نمبر کاموں کادور گزر چکا ہے۔ اب تمام کام میرٹ اور انصاف پر ہوں گے اور جس طرح عوام نے گزشتہ عام اور ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو ووٹ دیکر کامیاب کروایا اسی طرح 2018 کے انتخابات میں بھی صوبے میں کلین سویپ کریں گے۔ وہ زیارت کاکاصاحب میں رول ہیلتھ سنٹر زیارت کاکاصاحب کو کیٹگری ڈی ہسپتال کا درجہ دینے کے افتتاح اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پرضلعی ناظم لیاقت خان خٹک ، ملک ابرار ، احد خٹک بھی موجود تھے ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کے ساتھ سال ہاسال سے جاری زیر التوا منصوبوں جن میں بجلی کے خالص منافع کے ایک سو ایک ارب روپے، سو ملین کیوبک اضافی گیس سے سستی بجلی بناکر صنعتی بستیوں کے قیام، ایک سو دس ار ب روپے کی لاگت سے بنے والے چشمہ رائٹ بینک کینال جس سے دو لاکھ اسی ہزار ایکڑ اراضی سیرا ب ہواور صوبے کاپانی ضائع ہونے سے بچے گا، منڈ اڈیم، پیہور ہائی لیول کینال کا بقایا کام مکمل ہوگا اس کے لئے فنڈز کی منظوری بھی وفاق نے دے دی۔

انہوں نے کہا کہ ان میگا پراجیکٹ سے صوبے میں بے روزگاری کم ہوگی اور ترقی کانیا دور شروع ہوگا۔ صوبائی حکومت افغانستان وسط ایشائی ممالک ،چین اور ایران کی منڈیوں تک رسائی حاصل کرکے صوبے کو ترقی ک دوڑ میں شامل کرنا کو اولین ترجیح دے گی تاکہ ان کارخانوں کو مارکیٹ فراہم کی جاسکے۔ اس پر غور کیا جارہا ہے کہ ان ممالک کے سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک جمہوری پارٹی ہے۔ تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق پارٹی کے اندر بھی جمہوریت پر یقین رکھتی۔ عوام انٹرا پارٹی انتخابات میں بھر پور حصہ لیکر قابل تعلیم یافتہ، ایماندار لوگوں کو منتخب کریں۔ماضی میں ترقیاتی کاموں میں بھاری رشوت وصول کرکے صوبے کاانفراسٹرکچرتباہ کرکے رکھ دیاتھاہمارا وژن نظام کی تبدیلی ہے۔

عوام کو چند مہینوں میں ہسپتالوں میں بہتری اور تبدیلی محسوس ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں غریب لوگوں کے تیس لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں ہمارا مشن غریب کے بچے کو انگریزی تعلیم سمیت اعلی اور جدید تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بھی ایک مالدار کے بچے کی طرح تعلیم حاصل کرکے معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کرسکیں۔ اور مقابلے کی دوڑ میں شامل ہوسکیں۔

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سکولوں، سڑکوں، ہسپتالوں ٹیوب ویلوں کی تعمیر کو تبدیلی نہیں سمجھتی ۔ تھانوں اور پٹوار خانوں میں عوام کا عزت نفس بحال ہوچکا ہے۔ جب تک نظام ٹھیک نہیں ہو گا ہمارا ملک اور صوبہ ترقی نہیں کرسکے گا۔ تحریک انصاف کی بھاگ دوڑ چیئرمین عمران خان جیسے نڈراور ایماندار لیڈر کے ہاتھ میں ہے اور وہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک میں نظام کی تبدیلی پر یقین رکھتے یہی وجہ ہے کہ ہمارے مخالفین تحریک انصاف کے خلاف غلط اور منفی پروپیگنڈہ کرہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کوایم پی اے ایم این اے اور وزیر اعلیٰ ہاوس کے چکر نہ لگانے پڑیں بلکہ کے عوام کے مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ ہم تبدیلی لانے میں پوری طرح کامیاب نہیں ہوئے ہیں مگر کئی سالوں کے گند کو تین سالوں میں صاف نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے پیمانے پر اداروں کی بحالی کا کام مکمل کرلیا ہے۔

ہمیں ورثے میں تباہ حال انفراسٹرکچر رشوت اور کمیشن مافیا ملا۔ ان کا قبلہ درست کرنے میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس سے سیاسی مداخلت ختم کرکے صوبے کی پولیس کو ملک کی بہترین پولیس بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سمیت پورے صوبے میں یکساں ترقیاتی کام جاری ہیں اور پشاور میں بہت جلد میٹرو طرز پر پبلک ٹرانسپورٹ کاآغاز کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ پٹوار خانوں کاتمام نظام کمپوٹرایزڈ کیا جارہا ہے۔ اور آن لائن نظام کے ذریعے عوام اپنی زمینوں کے ریکارڈ تک رسائی حاصل سکیں گے۔۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر یہ نظام ٹھیک کرنا ہو گا۔