ایران میں امام خمینی کا لایاانقلاب ختم ہوچکا ہے،احمدی نژاد

جوہری معاہدے کے باوجود شہریوں کی زندگی نہیں بدلی،سابق ایرانی صدرکی حسن روحانی پر تنقید

ہفتہ 12 مارچ 2016 19:42

ایران میں امام خمینی کا لایاانقلاب ختم ہوچکا ہے،احمدی نژاد

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) ایران کے قدامت پسند سابق صدر محمود احمدی نڑاد نے موجودہ صدر حسن روحانی کی پالیسیوں بالخصوص متنازع جوہری پروگرام پر طے پائے سمجھوتے، عالمی اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کے وعدوں اور معاشی حالات کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے،اورکہاہے کہ حسن روحانی کی پالیسی بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق سابق صدر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسن روحانی کی پالیسی مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ احمدی نڑاد کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ جوہری پروگرام پر سمجھوتے کی صورت میں عام ایرانی شہریوں کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ شہریوں کا معیار زندگی بلند ہو گا اور عالمی پابندیاں اٹھنے کی بدولت ملک میں دولت کی ریل پیل ہو جائے گی مگر ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

جوہری پروگرام پر معاہدے کے باوجود عام شہریوں کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حسن روحانی کی حکومت بری طرح ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو قوم کے مسائل کا ادراک نہیں۔ وہ قوم اور ان کی مصائب کے درمیان نہیں رہنا چاہتے ہیں،احمدی نژاد نے الزام عاید کیا کہ اصلاح پسند ایران میں اسلامی انقلاب کے برعکس چل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی عہدیدار لوگوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں انقلاب کا دور ختم ہو چکا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کا یہ مطلب نہیں کہ عوام غریب رہیں بلکہ انقلاب سے عوام کے معاشی حالات بہتر ہونے چاہئیں۔احمدی نڑاد کا کہنا تھا کہ ہم جب بھی دشمن سے منہ موڑا تو ہم پر کاری ضرب لگانے کی کوشش کی گئی مگر موجودہ حکمران دشمنوں پراعتماد اور بھروسہ کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :