چیکنگ کا خوف،مصری تارک وطن نے ٹرین سے کودکرخودکشی کرلی

نوجوان سیٹوں کے درمیان چھپا ہوا تھا،شناختی دستاویزات طلب کرنے پر چھلانگ لگادی،جرمن پولیس

ہفتہ 12 مارچ 2016 19:36

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) جرمنی میں چیکنگ کے خوف سے نوجوان تارک وطن نے ٹرین سے کود کر خودکشی کرلی ،جرمن ریڈیو کے مطابق جرمن پولیس نے گزشتہ روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ نوجوان مصری تارک وطن نائٹ ٹرین میں سیٹوں کے درمیان چھپا ہوا تھا پولیس نے جب اس سے شناختی دستاویزات طلب کیں تو اس نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی جس کے باعث وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

انہوں نے بتایاکہ یہ واقعہ گزشتہ روز علی الصبح آسٹریا اور جرمنی کی سرحد کے قریب پیش آیا۔سترہ سالہ نوجوان تارک وطن مصری شہری تھا۔ مذکورہ تارک وطن آسٹریا سے جرمنی آنے والی نائٹ ٹرین میں سوار تھا۔نوجوان نے آسٹریا میں سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی تھی۔ جرمن پولیس اہلکار اس کی شناختی دستاویزات کا جائزہ لے رہے تھے اس دوران نوجوان بھاگ کر ٹرین کے دوسرے کمپارٹمنٹ میں چلا گیا۔

(جاری ہے)

ٹرین میں سوار دو امریکی خواتین کے مطابق، جو اس واقعے کے عینی شاہد بھی ہیں، نوجوان بھاگتا ہوا دوسرے کمپارٹمنٹ میں آیا اور ٹرین کی کھڑکی کھول کر چلتی ہوئی ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔واقعے کے فورآ بعد ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی اور ٹرین ٹریک سے نوجوان لاش پولیس نے تحویل میں لے لی۔جرمنی کی وفاقی پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان نے کچھ ہفتے قبل بھی ٹرین کے ذریعے جرمنی میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس نے اسے گرفتار کر کے واپس آسٹریا بھیج دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :