نیب نے مجرموں کو پکڑنے اور لوٹی دولت واپس لینے کی بجائے مک مکا شروع کردیا ‘سینیٹر سراج الحق

حکومت اور پیپلز پارٹی نیب کے ہاتھ پاؤں اور زبان کاٹ کراسے زندہ لاش بنانے پر متفق ہوچکی ہیں ،حکمران دوبارہ عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے سینے پر شہادت کا تمغہ سجانے کیلئے بے چین نظر آتے ہیں اس بار عوام انہیں شہادت حاصل نہیں کرنے دینگے کمال کے پاس جھنڈا اگر ڈنڈے کے بغیر ہے تو وہ پاکستانی قوم کا جھنڈا ہے ،اگر’’ ڈنڈے‘‘ والا ہے تو وہ ’’کمال ‘‘کا جھنڈا ہے ‘امیر جماعت اسلامی کا منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ اورپریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 12 مارچ 2016 19:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہنیب نے مجرموں کو پکڑنے اور لوٹی دولت واپس لینے کی بجائے مک مکا شروع کردیا ہے ، حکومت اور پیپلز پارٹی نیب کے ہاتھ پاؤں اور زبان کاٹ کراسے زندہ لاش بنانے پر متفق ہوچکی ہیں ،حکمران دوبارہ عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے سینے پر شہادت کا تمغہ سجانے کیلئے بے چین نظر آتے ہیں لیکن اس بار عوام انہیں شہادت حاصل نہیں کرنے دیں گے،حکمران پارٹیوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کی چوری کے مال کو چھپانے اور ٹھکانے لگانے میں مدد کی ،قومی دولت لوٹنے اور بیرون ملک جمع کرنے میں دونوں کا گٹھ جوڑ ہے ،کرپشن کے کینسر کا علاج جانتے ہیں ،مگر مچھوں کی لسٹیں قومی اسمبلی اور سپریم کورٹ کو پیش کرکے ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کی استدعا کریں گے ،قومی اسمبلی میں کرپشن کے خلاف مسودہ قانون پیش کریں گے اگر حکومت نے عددی برتری کے بل بوتے پر اس کی مخالفت کی تو عوام ان کا محاسبہ کریں گے ،کمال کے پاس جھنڈا اگر ڈنڈے کے بغیر ہے تو وہ پاکستانی قوم کا جھنڈا ہے اور اگر’’ ڈنڈے‘‘ والا ہے تو وہ ’’کمال ‘‘کا جھنڈا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ اورپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر حافظ محمد ادریس اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والوں نے کرپشن سے توبہ کرکے لوٹی گئی دولت واپس نہ کی اور قوم سے معافی نہ مانگی تو ان کا ہر جگہ پیچھا کریں گے ۔

عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کی جیب میں گرین کارڈ ہیں لیکن وہ بھول جائیں کہ قومی دولت واپس کئے بغیر وہ ملک سے بھاگ کرامریکہ اور برطانیہ میں پناہ لے لیں گے ۔دنیا بھر میں پھیلے ہوئے پاکستانی ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے اور ہر جگہ ان کا ناطقہ بند کردیں گے ۔پاکستان مدینہ کے بعد دنیا میں کلمہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی دوسری نظریاتی مملکت ہے جس کے جغرافیے اور نظریے کی حفاظت کو ہم مقدس جہادسمجھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی اقتدار پر قابض اشرافیہ نے ایک بار پہلے ملک کو دولخت کیا اور اب دوبارہ ملکی سلامتی سے کھیلنا چاہتے ہیں ۔آئین حکمرانوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ عوام کو تعلیم ،صحت روز گار اور چھت جیسی بنیادی ضروریات فراہم کریں مگر حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چوروں کو وزیر مشیر بنانے والوں کو قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی واپس کرنا پڑے گی ۔

کرپشن سے پاک پاکستان تحریک قومی تحریک ہے جسے منطقی انجام تک پہنچا کر چھوڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کو کی قوتیں عام آدمی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں مگر جماعت اسلامی نے تہیہ کرلیا ہے کہ جب تک لٹیروں کو کیفر کردار تک اور عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں میں نہیں پہنچا دیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نیب نے مجرموں کو پکڑنے اور لوٹی دولت واپس لینے کی بجائے مک مکا شروع کردیا ہے ۔

نیب میں موجود418 مقدمات میں 40فیصد ایسے مقدمات ہیں جن میں چند لاکھ لیکر اربوں اور کروڑوں روپے معاف کئے گئے ہیں حالانکہ نیب کو یہ حق نہیں کہ وہ قوم کی ایک پائی بھی کسی کو معاف کرے ۔پچاس مقدمات میں کروڑوں لوٹنے والوں سے صرف ایک لاکھ وصول کرکے باقی چھوڑ دیا گیا ہے ۔ملکی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے عدالتوں سے وکٹری کانشان بناتے ہوئے نکلتے ہیں ،نیب کی فراخدلی کو دیکھ کر ہر کسی کا دل چاہتا ہے کہ وہ لوٹ مار شروع کردے ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مرضی کا چیئرمین نیب مقرر ہوتا رہے گا کرپشن ختم ہونے کی بجائے بڑھتی رہے گا۔چیئرمین نیب کی تقرری کرپشن کو چھپانے کا بہترین ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی معصومیت سے بھی خوب واقف ہے ۔سراج الحق نے کرپشن کے خلاف آٹھ اپریل کو لاہوردھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ چھوڑی تو لاکھوں لوگ اسلام آباد کا رخ کریں گے اور کرپشن کے خاتمہ تک یہ تحریک جاری رکھیں گے ۔