کینیڈا میں مسلمانوں کے قبرستان میں فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد زخمی

ہفتہ 12 مارچ 2016 19:27

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء ) کینیڈا میں مسلمانوں کے ایک قبرستان میں فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے قصبے البرٹا میں مسلمانوں کے ایک قبرستان میں فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ کوچرانے کے قریب 4 افراد کو گولی مار دی گئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق زخمیوں کو نزدیکی شہر کیلگری کے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔پولیس کے مطابق قبرستان میں آخری رسومات ادا کی جارہی تھی اور لوگوں کا ایک گروپ وہاں موجود تھا۔پولیس سارجنٹ جیک پوئٹرس کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ فائرنگ موقع پر موجود افراد میں سے ہی کسی نے کی۔

(جاری ہے)

قبرستان کے انچارج ذوہیر عثمان نے بتایا کہ فائرنگ سے قبل ایک 21 سالہ نوجوان کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں، تاہم انھوں نے کہا کہ ان کا نہیں خیال کہ اس فائرنگ کا مذکورہ شخص سے کوئی تعلق ہے، جس کی تدفین کی جارہی تھی۔

دوسری جانب کیلگری کے امام سید سہروردی کے مطابق انھوں نے موقع پر موجود 2 لوگوں سے بات چیت کی، جنھیں شبہ ہے کہ فائرنگ مافیا کے کسی مسئلے پر کی گئی۔انھوں نے مزید کہا کہ 'یہ نفرت پر مبنی واقعہ نہیں ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہ گینگ وار یا پھر انتقامی کارروائی تھی۔سہروردی نے مزید بتایا کہ پاکستانی نوجوان حمزہ نذیر کی آخری رسومات ادا کی جارہی تھیں، جن کے خاندان کو وہ جانتے ہیں، تاہم مذکورہ نوجوان کی وفات کی وجوہات کا انھیں علم نہیں۔اگرچہ پولیس کی جانب سے عوام کو اس بات کی یقین دہانی کروا دی گئی تھی کہ خطرے کی کوئی بات نہیں، لیکن اس کے باوجود جمعے کو پولیس کی بھاری نفری کیلگری ہسپتال کے اطراف میں تعینات کی گئی۔

متعلقہ عنوان :