برطانیہ کا عراقی فوج کی ٹریننگ کے لئے مزید فوجی بھیجنے کا اعلان

مزید فوجی لاجسٹک، پلوں کی تیاری اور طبی امداد کے حوالے سے عراقی فوجیوں کو تربیت دیں گے،برطانوی وزیر دفاع

ہفتہ 12 مارچ 2016 17:17

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء) برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ داعش کے خلاف لڑائی میں مصروف عراقی مسلح افواج کی ٹریننگ کے لئے مزید فوجیوں کو عراق بھیجے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے وزیر دفاع مائیکل فالن کا کہنا ہے کہ مزید 30 فوجیوں کو عراق میں بھیجا جائیگا اور وہ لاجسٹک، پلوں کی تیاری اور طبی امداد کے حوالے سے عراقی فوجیوں کو تربیت دیں گے۔

اس اقدام کے بعد عراق میں ٹریننگ کے مشن پر موجود برطانوی اہلکاروں کی تعداد 300 ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

یہ اضافی فوجی بغداد کے نواحی علاقوں بسمایہ اور تاجی میں قائم ٹریننگ سنٹرز میں تعینات کیا جائیگا۔فالن کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف لڑائی میں ٹھوس پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا "اب وقت آگیا ہے کہ ہم عراق فورسز کی ٹریننگ میں تیزی لے آئیں گے کیوں کہ وہ فلوجہ اور موصل جیسے اہم شہروں کو واگزار کروانے کی تیاری کررہے ہیں۔

فالن کا کہنا تھا "داعش کے خلاف برطانوی فضائیہ کی بمباری کے علاوہ ہمارے ٹرینرز کی موجودگی سے برطانیہ داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ برطانیہ کے طیارے امریکا کے عالمی اتحاد میں شامل ہو کر عراق اور شام میں داعش کے خلاف بمباری کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

متعلقہ عنوان :