سابق صدر زرداری نے جس نوٹ کی بات کی وہ یقیناً میرا تھا، چوہدری نثار علی

ہفتہ 12 مارچ 2016 13:42

سابق صدر زرداری نے جس نوٹ کی بات کی وہ یقیناً میرا تھا، چوہدری نثار ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کی طرف سے ان کی تعریف کرنے کے معاملے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب آرمی پبلک سکول پشاور کے افسوسناک واقعہ کے بعد دہشت گردوں کو فوری سزائیں دینے کیلئے فوجی عدالتوں کے قیام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلایا گیا تھا اس میں آصف علی زرداری نے جو مثبت کردار ادا کیا تھا اس پر میں نے ان کی تعریف کی تھی اور ایک خط بھی انہیں لکھا تھا۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے انٹرویو میں جس نوٹ کی بات کی تھی ،وہ نوٹ یقیناً میرا ہے، میں نے یہ خط ملٹری کورٹس پر ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کے اختتام پر لکھا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ڈیڈ لاک کو توڑنے میں سابق صدر آصف علی زر داری نے اہم کردار ادا کیا تھا، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام پر آئینی ترمیم کی حمایت سے انکارکیا تھا۔

میں نے اس کے بعد پریس کانفرنس میں بھی آصف علی زرداری کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ بات خفیہ نہیں کہ یہ نوٹ میرے ہی ہاتھ سے لکھا گیا ہے، اس خط کو آصف علی زرداری کی فوج مخالف تقریر سے منسوب کرنا جھوٹ اور بددیانتی ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے فوج مخالف بیان پر میں نے سب سے پہلے رد عمل دیا تھا۔