اسلام آباد،پی سی آر ڈبلیو آر نے واٹر فلٹریشن پلانٹس سے سپلائی پانی کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق قرار دیدیا

جمعہ 11 مارچ 2016 20:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مارچ۔2016ء) وفاقی وزارت برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر ) نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں نصب واٹر فلٹریشن پلانٹس سے سپلائی کئے جانے والے پانی کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق قرار دیا ہے اور اپنی رپورٹس سی ڈی اے کو دے دی ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی ہدایت پر اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں موجود واٹر فلٹریشن پلانٹ سے شہریوں کو مہیا کیا جانے والا پانی کو پی سی آر ڈبلیو آر کے ذریعے چیک کیا گیا اور مختلف واٹر فلٹریشن پلانٹس سے پانی کے نمونے حاصل کر کے ان کا جدید اور سائنٹیفک طریقوں پر ٹیسٹ کیا گیا جس سے ثابت ہوا کہ ان پلانٹس کا پانی ہر لحاظ سے حفظانِ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے متعین کردہ اصولوں کے مطابق ہے۔

(جاری ہے)

اس کوالٹی ٹیسٹنگ کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف ستھرا اور ہر لحاظ سے موزوں پینے کا پانی مہیا کیا جا سکے ۔دریں اثناء چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے واٹر سپلائی ونگ کو ہدایت کی ہے کہ ان واٹر فلٹریشن پلانٹ کا باقاعدگی سے تجزیہ کرایا جائے اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں اس کا فوری ازالہ کیا جائے تاکہ شہریوں کوصاف پانی سپلائی ہو سکے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان واٹر فلٹریشن پلانٹس کی با قاعدگی سے صفائی اور واٹر فلٹر کی تبدیلی کو یقینی بنایا جائے اور اس کا با قاعدہ ریکارڈ رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :