سیکرٹری پانی و نے گڈو پاور پلانٹ سے نیشنل گرڈ کو 270 میگا واٹ بجلی فراہم کرنے کا افتتاح کر دیا

100 میگا واٹ مزید بجلی اپریل کے اختتام تک شامل کر دی جائیگی ٗمحمد یونس ڈھاگہ موسم گرماسے قبل چشمہ تھری اور ونڈ پاور پراجیکٹس سے 400میگا واٹ کے قریب بجلی سسٹم میں شامل ہونے کی توقع ہے ٗبیان

جمعہ 11 مارچ 2016 18:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مارچ۔2016ء) سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگہ نے گڈو پاور پلانٹ سے نیشنل گرڈ کو 270 میگا واٹ بجلی فراہم کرنے کا افتتاح کر دیا جبکہ 100 میگا واٹ مزید بجلی اپریل کے اختتام تک شامل کر دی جائیگی ٗوزارت پانی وبجلی سے جاری بیان کے مطابق270 میگا واٹ بجلی کی نیشنل گرڈ کو فراہمی گڈو پاور کمپلیکس کے 415 میگا واٹ کے سیمنز بلاک سے کی جا رہی ہے جہاں دو گیس اور ایک سٹیم ٹربائن نصب ہیں ، یہ پورا پلانٹ 2013 میں گیس اور سٹیم ٹربائنز میں خرابی کے باعث بند ہو گیا تھا موجودہ حکومت نے بجلی کے نئے منصوبوں کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود بجلی کے پلانٹس کو بروئے کار لانے اور انکی بحالی پر بھی توجہ دی ۔

2015 ء میں گڈو کے 415 میگا واٹ کے سیمنز بلاک کی بحالی کا کام ایرانی کمپنی ماپنا کو سونپا گیا بحالی کے کام کا آغاز 20 نومبر 2015 ء سے کیا گیا اور اس سلسلہ میں مقررہ وقت پر کام کی تکمیل یقینی بنانے کیلئے وقت کی ہر طرح سے پابندی کی گئی اور 16 جنوری کو پہلی ٹربائن نے جبکہ 9 مارچ کو دوسری ٹربائن نے کام شروع کر دیا ۔

(جاری ہے)

دونوں ٹربائنوں پر کام مکمل ہونے کے بعد سسٹم میں 270 میگا واٹ بجلی شامل کر دی گئی ہے ۔

بیان کے مطابق ایک اور گیس ٹربائن کی بحالی کا کام جاری ہے اور اپریل کے اختتام تک 100 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائیگی ۔ اس موقع پر سیکرٹری پانی و بجلی نے بجلی کی پیداواری کمپنی وزارت کے حکام اور ایرانی کمپنی ماپنا کو بروقت کام مکمل کرنے اور نیشنل گرڈ میں بجلی کی قابل ذکر مقدار شامل کرنے کو سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرماسے قبل چشمہ تھری اور چند ونڈ پاور پراجیکٹس سے 400میگا واٹ کے قریب بجلی سسٹم میں شامل ہونے کی توقع ہے ۔

انہوں نے کہاکہ نئے پاور پلانٹس اور بحالی کے اقدامات کے نتیجے میں موسم گرما کے دوران مجموعی طورپر 820میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائیگی ۔اس موقع پر موجود حکام نے سیکرٹری پانی وبجلی کو بتایا کہ وزارت نے گڈو پاور کمپلیکس سے 2016ء کے موسم گرما میں 1500میگا واٹ بجلی حاصل کر نے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔اس سلسلے میں تمام متعلقہ حکام اور افراد ہدف کے حصول کیلئے سخت محنت کررہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :